اے آئی روبوٹ نے ٹیبل ٹینس میں کھلاڑیوں کو شکست دے دی

آرٹی فیشل انٹیلی جنس پر مبنی ایک روبوٹ نے ٹیبل ٹینس میں ماہر کھلاڑیوں کو شکست دے کر ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم پیشرفت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کامیابی کو انسان اور مشین کے درمیان مقابلے میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
“S” نامی یہ روبوٹ سونی اے آئی نے تیار کیا ہے جس نے ایک بہترین کھلاڑی کے خلاف پانچ میں سے تین میچ جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اگرچہ دو پروفیشنل کھلاڑیوں کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ماہرین کے مطابق اس کی مجموعی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی ہے۔
ٹیبل ٹینس ایک تیز رفتار کھیل ہے جس میں فوری ردعمل، مہارت اور حکمت عملی کی ضرورت ہوتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس میدان میں روبوٹ کی کامیابی کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
میچز کے دوران روبوٹ نے مشکل شاٹس کو نہایت مہارت سے کھیلا اور تیز رفتار بیک اسپن شاٹس بھی کامیابی سے مکمل کیے، جنہیں بعض کھلاڑیوں نے مشین کے لیے ناممکن قرار دیا تھا۔
اس تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہوئے، جہاں ماہرین نے بتایا کہ روبوٹ کی کارکردگی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔
یہ روبوٹ متعدد کیمروں کی مدد سے گیند کی رفتار اور گھومنے کی سمت کو ٹریک کرتا ہے اور اسی بنیاد پر فوری فیصلے کرتا ہے، جو اسے دیگر روایتی اے آئی سسٹمز سے منفرد بناتا ہے۔










